پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں آج 14 اپریل کو پہلی بار حکومتی سرپرستی میں پہاڑی زبان کا دن منایا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر کی وزیر برائے کشمیر کاز، آرٹس، لینگویجز اینڈ انوائرمنٹ نبیلہ ایوب ایڈووکیٹ نے اس موقع پر راولا کوٹ میں منعقد مرکزی تقریب سے خطاب کیا۔چودہ اپریل کو پہاڑی زبان کا دن منانے کا آغاز 2024ء میں سماجی اور ادبی حلقوں کی پہل پر ہوا تھا، تاہم اس سال پہلی بار آزاد کشمیر حکومت نے سرکاری سطح پر اس دن کو منانے کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں مختلف شہروں میں ادبی اور ثقافتی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔یہ اقوام متحدہ کا تسلیم شدہ دن نہیں بلکہ کشمیری برادری کا اپنا اعلان کردہ ایونٹ ہے۔ وزیر نبیلہ ایوب کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئین کی دفعہ 24 کے تحت مادری زبانوں اور ادب کا فروغ حکومت کی ذمہ داری ہے، اور اس مقصد کے لیے آزاد کشمیر کلچرل اکیڈمی کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں علاقائی زبانوں کی تدریس، ادبی بورڈز کی سرگرمیوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پہاڑی زبان کی موجودگی بڑھانے کے لیے اقدامات کا عندیہ بھی دیا۔پہاڑی زبان صدیوں سے اس خطے کی تہذیبی شناخت کی حامل رہی ہے اور اس زبان کو باضابطہ تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور تحقیقی کام کی حوصلہ افزائی کے لیے تجاویز زیر غور ہیں۔